پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے میں پیر کی رات ایک اور امریکی ڈرون حملے میں چھ مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ دو زخمی ہو گئے ۔
ذرائع کے مطابق، شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال کے علاقے زوئے نارے میں ایک ٹھکانے اور گاڑی پر دو میزائل داغے گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق، حملے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ ہفتہ کی رات شوال میں ہی وروکے منڈی میں دو مکانوں پر ڈرون حملے میں پانچ مبینہ ازبک عسکریت پسند مارے گئے تھے۔
دوسری جانب، پاکستان نے آج ایک مرتبہ پھر امریکا سے ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
پیر کو دفترخارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اﷲ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم ایسے حملوں کی مذمت کرتے ہیں جو پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہیں‘۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ایک ایسے وقت جب آپریشن ضرب عضب فیصلہ کن مرحلے میں ہے اور حکومت کی توجہ آئی ڈی پیز کی بحالی پر مرکوز ہے، اس طرح کے حملوں سے مقامی آبادی میں بد اعتمادی پھیلتی ہے۔
ڈان نیوز
ڈان نیوز
No comments:
Post a Comment